
لندن: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے پاک فوج کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے فوجی جوان بہادری کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف لڑ رہے ہیں۔
لندن میں ایون فیلڈ سے روانگی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پاک فوج کی قربانیوں پر کوئی شک نہیں اور فوجی جوان جرأت و بہادری سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں قربان کرنے والے اہلکاروں کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہدا کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے اور ایسے عناصر کو کسی صورت نہیں چھوڑنا چاہیے۔









