
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں ہنگامی حالت کے نفاذ کے بعد گورنر کی معاونت کے لیے 11 رکنی مشاورتی کونسل تشکیل دے دی ہے۔ اس حوالے سے 11 اکتوبر 2026 کو حکم نامہ جاری کیا گیا۔
حکم نامے کے مطابق آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت ہنگامی حالت کے اعلان کے بعد صوبائی امور کی انجام دہی کیلیے نیا انتظامی طریقہ کاروضع کیاگیا ہے۔
مشاورتی کونسل میں طارق محمود پاشا، ڈاکٹر عامر عبداللہ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر، ثمر بلور، ڈاکٹر سرفراز علی، عامر جاوید اور ڈاکٹر ایم ارشاد شامل ہیں۔
کونسل کے دیگر ارکان میں کفایت اللہ، طیب قریشی، عثمان سیف اللہ خان اور آصف رفیق شامل ہیں۔
وفاقی حکومت نے ثنا اللہ ایڈووکیٹ کو خیبرپختونخوا کا ایڈووکیٹ جنرل مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کے معاملات آئینی دفعات اور خیبرپختونخوا گورنمنٹ رولز آف بزنس 1985 کے مطابق چلائے جائیں گے، جبکہ انتظامی امور وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق انجام دیے جائیں گے۔
وفاقی حکومت کے مطابق یہ حکم نامہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔









