بابر اعظم کی واپسی میں نیا تنازع، مداح کا موبائل فون پھینکنے کی ویڈیو وائرل

0
43
بابر اعظم کی واپسی میں نیا تنازع، مداح کا موبائل فون پھینکنے کی ویڈیو وائرل

اسلام آباد کے ڈائمنڈ گراؤنڈ میں صدر ٹرافی گریڈ ون کے میچ کے دوران قومی کرکٹر بابر اعظم کو مداحوں کی جانب سے شدید ہجوم کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ سیلفی کی کوشش کے دوران انہوں نے ایک مداح کا موبائل فون لے کر دور پھینک دیا۔
یہ واقعہ او جی ڈی سی ایل اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے درمیان صدر ٹرافی کے چوتھے راؤنڈ کے میچ میں پیش آیا۔ بابر اعظم اس مقابلے میں او جی ڈی سی ایل کینمائندگی کر رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق میچ کے دوران متعدد شائقین گراؤنڈ میں داخل ہوکر بابر اعظم کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بنانے کی کوشش کرتے رہے۔ بعد ازاں جب بابر اعظم 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور پویلین کی طرف واپس جا رہے تھے تو بڑی تعداد میں مداح ان کے گرد جمع ہوگئے۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص بابر اعظم کے قریب پہنچ کر موبائل فون کے ذریعے سیلفی لینے کی کوشش کرتا ہے۔ بابر اعظم نے اس کا فون ہاتھ میں لیا اور پھر اسے دور پھینک دیا۔ اس دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے بھی صورتحال کو قابو میں رکھنے کی کوشش کی۔
ہجوم بڑھنے پر بابر اعظم تیزی سے ڈریسنگ روم کی جانب روانہ ہوگئے۔ واقعے کے بعد اسلام آباد پولیس نے گراؤنڈ میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیے۔
بابر اعظم کی بیٹنگ بھی متاثر
دوسری جانب طویل عرصے بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپس آنے والے بابر اعظم کی بیٹنگ فارم بھی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے خلاف میچ میں بابر اعظم نے 39 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 21 رنز بنائے، جس میں چار چوکے شامل تھے۔ انہیں آفاق آفریدی نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
بابر اعظم 12 رنز پر کھیل رہے تھے جب ان کا کیچ بھی ڈراپ ہوا، تاہم وہ اس اضافی موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور 21 رنز کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔
او جی ڈی سی ایل نے اپنی پہلی اننگز میں 196 رنز بنائے، جس کے جواب میں اسٹیٹ بینک نے کھیل کے اختتام تک 94 رنز پر تین وکٹیں گنوا دی تھیں۔
فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کے بعد 37 رنز
بابر اعظم نے تقریباً سات سال کے وقفے کے بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے دسمبر 2019 میں سینٹرل پنجاب کی جانب سے قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں فرسٹ کلاس میچ کھیلا تھا۔
واپسی کے بعد بابر اعظم اب تک تین اننگز میں 37 رنز بنا سکے ہیں۔ ان کی اننگز بالترتیب 12، 4 اور 21 رنز رہی ہیں۔
پہلی اننگز میں انہیں کے آر ایل کے ارشد اقبال نے 12 رنز پر آؤٹ کیا، جبکہ دوسری اننگز میں فہیم اشرف نے انہیں 4 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا۔ چوتھے راؤنڈ میں آفاق آفریدی نے 21 رنز پر بابر اعظم کی اننگز کا خاتمہ کیا۔

Leave a reply