اسلام آباد، راولپنڈی میں شدید بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب، تعلیمی اداروں میں تعطیل

0
17
اسلام آباد، راولپنڈی میں شدید بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب، تعلیمی اداروں میں تعطیل

اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہونے والی شدید بارش نے معمولاتِ زندگی متاثر کر دیے، کئی نشیبی علاقوں میں پانی گھروں اور سڑکوں پر داخل ہوگیا، جبکہ انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں میں سب سے زیادہ بارش شمس آباد کے علاقے میں 201 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔ نیو کٹاریاں میں 186، گولڑہ میں 157 جبکہ پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے مقام پر 146 ملی میٹر بارش ہوئی۔

شدید بارش کے بعد راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ واسا، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور ویسٹ مینجمنٹ کے عملے کو ہائی الرٹ رکھتے ہوئے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے لیے مشینری تعینات کردی گئی۔

بارش کے باعث اولڈ ایئرپورٹ روڈ، رحیم آباد پل اور مری روڈ کمیٹی چوک سمیت متعدد اہم سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور شہریوں کو طویل ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا۔

اسلام آباد کے سیکٹر جی-14 میں بارش کے دوران مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ ایک فرد زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

چک شہزاد میں سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے طلبہ کو مشکلات پیش آئیں۔ کامسیٹس یونیورسٹی کے طلبہ کے علاوہ شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے بعض امیدوار بھی شدید بارش اور پانی کے باعث امتحانی مراکز تک بروقت نہ پہنچ سکے۔

ادھر راول ڈیم میں پانی کی سطح 1751 فٹ تک پہنچنے کے بعد انتظامیہ نے اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نالہ لئی میں بھی پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کا بہاؤ 27 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر 21 فٹ ریکارڈ کیا گیا۔ خطرے کے پیش نظر نالہ لئی کے اطراف سائرن بجا کر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حساس مقامات پر بھاری مشینری پہنچا دی گئی ہے جبکہ واسا اور دیگر ادارے نالوں اور نشیبی علاقوں کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کی ٹیمیں بھی فیلڈ میں موجود ہیں۔ متعلقہ حکام کو نشیبی علاقوں سے پانی کی فوری نکاسی اور نکاسی آب میں رکاوٹ بننے والے مقامات کو کلیئر کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بجلی کے کھمبوں، لٹکتی تاروں اور جمع شدہ پانی سے دور رہیں، جبکہ بچوں کو پانی سے بھرے نشیبی علاقوں میں جانے سے روکیں۔ ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا موجودہ سلسلہ 5 ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

Leave a reply