اے آئی سے جعلی ویڈیوز بنانے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، سلمان خان

0
9
اے آئی سے جعلی ویڈیوز بنانے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، سلمان خان

بالی وڈ اداکار سلمان خان نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے تیار کی جانے والی جعلی ویڈیوز اور تبدیل شدہ آوازوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایسے مواد بنانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کامطالبہ کیا ہے۔

رئیلیٹی شو ’بگ باس 20‘ میں گفتگو کے دوران سلمان خان نے کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی میں تیزی سے ہونے والی ترقی نے صورتحال کو انتہائی حساس بنا دیا ہے۔ ان کے مطابق کسی کی ویڈیو یا آواز میں مصنوعی طریقے سے تبدیلی کرکے اسے ایسے انداز میں پیش کرنا کہ حقیقت کا گمان ہو، ایک سنگین مسئلہ ہے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ اگر کسی شخص کی اصل گفتگو میں اے آئی کے ذریعے ردوبدل کرکے اسے نامناسب الفاظ ادا کرتے ہوئے دکھایا جائے تو اس سے نہ صرف متعلقہ فرد کی ساکھ متاثر ہوتی ہے بلکہ سوشل میڈیا صارفین بھی گمراہ ہوسکتے ہیں۔

سلمان خان نے بتایا کہ وہ خود بھی اے آئی سے تیار کردہ ایسے مواد کا سامنا کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگ حقیقت سے لاعلمی کی وجہ سے ایسی ویڈیوز کو درست سمجھ لیتے ہیں، تاہم جان بوجھ کر جعلی مواد تیار کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات ضروری ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ ایسے معاملات کی روک تھام کے لیے مؤثر قانون سازی کی ضرورت ہے۔ سلمان خان کے مطابق جب تک جعلی اے آئی مواد تیار کرنے والوں کے خلاف عملی کارروائی نہیں ہوگی، اس رجحان کو روکنا مشکل رہے گا۔

اداکار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی جعلی اور گمراہ کن اے آئی مواد کی نگرانی کے لیے مؤثر نظام وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

Leave a reply