
مظفرآباد: ڈاکٹر نجیب نقی آزاد جموں و کشمیر کے 25ویں صدر منتخب ہوگئے۔ صدر کے انتخاب کے لیے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ہونے والی پولنگ میں انہوں نے 32 ووٹ حاصل کیے۔
صدارتی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ڈاکٹر نجیب نقی کا مقابلہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر سے تھا۔ چوہدری لطیف اکبر کو 13 ووٹ ملے، جبکہ ایک رکن اسمبلی اجلاس میں شریک نہ ہوسکا۔
ڈاکٹر نجیب نقی کے حق میں مسلم لیگ (ن) کے 31 ارکان نے ووٹ دیا، جبکہ ایک ووٹ ایک اتحادی رکن کی جانب سے دیا گیا۔
پولنگ کا عمل دوپہر ایک بجے تک جاری رہا، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے پر ڈاکٹر نجیب نقی کو کامیاب قرار دے دیا گیا۔
ڈاکٹر نجیب نقی کا تعلق پونچھ ڈویژن کے حلقہ سدھنوتی، پلندری سے ہے۔ وہ ماضی میں آزاد کشمیر کے وزیر صحت کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ 2006 سے 2011 تک وزیر صحت رہے، جبکہ 2016 سے 2021 کے دوران مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں بھی اسی وزارت کا قلمدان سنبھالا۔









