سوشل میڈیا پر گاڑی اور گھر کی آفرز کے نام پر مبینہ فراڈ، شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے کا انکشاف

کراچی: سوشل میڈیا پر گاڑی اور گھر دلانے کی پرکشش پیشکشوں کے ذریعے شہریوں سے لاکھوں روپے ہتھیانے کا مبینہ سلسلہ سامنے آگیا۔
متعدد متاثرہ شہریوں کے مطابق سوشل میڈیا پر کم ڈاؤن پیمنٹ کے عوض گاڑی فراہم کرنے کے اشتہارات دیکھ کر وہ متعلقہ دفاتر پہنچے، جہاں ان سے گاڑی کی قیمت کا ایک حصہ بطور ایڈوانس وصول کیا گیا اور معاہدوں پر دستخط بھی کرائے گئے۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ انہیں چند روز میں کیس منظور ہونے اور گاڑی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی، تاہم بعد میں مختلف وجوہات بتا کر کیس مسترد یا ریفنڈ میں ڈالنے کا پیغام بھیج دیا گیا۔ رقم کی واپسی کے لیے انہیں کئی ماہ تک دفاتر کے چکر لگانے پڑے، مگر ادائیگی نہ ہوسکی۔
دستیاب شکایات کے مطابق متعدد شہری اس مبینہ فراڈ کا نشانہ بن چکے ہیں، جن سے ایک لاکھ سے زائد سے لے کر کئی لاکھ روپے تک وصول کیے گئے۔
ایک متاثرہ شہری نے پولیس سے رجوع کرتے ہوئے بتایا کہ اسے گاڑی کی خریداری کے لیے 20 فیصد ڈاؤن پیمنٹ پر سہولت دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ رقم وصول کرنے کے بعد دو گارنٹرز بھی لیے گئے، لیکن چند روز بعد گارنٹر کے مبینہ ڈیفالٹ کا جواز پیش کرتے ہوئے کیس ریفنڈ میں ڈالنے کی اطلاع دی گئی۔
متاثرین کا الزام ہے کہ بعض افراد کے خلاف مقدمات درج ہونے کے باوجود مختلف ناموں سے نئے دفاتر اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس قائم کرکے اسی نوعیت کی پیشکشیں جاری رکھی گئیں۔
پولیس کے مطابق اس نوعیت کے مقدمات میں بعض نامزد افراد کے خلاف پہلے بھی متعدد کیسز درج ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ گروہ سوشل میڈیا پر مختلف ناموں سے کمپنیوں کے اکاؤنٹس بناتا اور فراڈ سامنے آنے کے بعد دفاتر کے نام اور مقامات تبدیل کرلیتا ہے۔
متاثرہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایسی مالیاتی پیشکشوں کی مکمل تحقیقات کی جائیں، ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے اور متاثرین کی رقوم کی واپسی یقینی بنائی جائے۔









