
اسلام آباد: حکومت نے وزیراعظم کی خصوصی فیول سبسڈی اسکیم کی رسائی بڑھانے کے لیے ملک بھر کے تمام فعال پٹرول پمپس کو اسکیم کے نظام میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت قومی اسٹیئرنگ کمیٹی برائے فیول سبسڈی کے اجلاس میں کیا گیا، جہاں اسکیم پر عمل درآمد اور اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک کے بیشتر پٹرول پمپس فیول سبسڈی اسکیم کے نظام سے منسلک ہوچکے ہیں اور شہری فیول ٹوکنز استعمال کررہے ہیں۔ اسکیم میں رجسٹریشن کی سہولت بھی ایس ایم ایس کے ذریعے 9771 پر دستیاب ہے۔
حکومت نے ان علاقوں کے لیے بھی سہولت بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جہاں انٹرنیٹ کی سہولت موجود نہیں۔ ایسے علاقوں کے پٹرول پمپس پر شہری ایس ایم ایس کے ذریعے اپنے فیول ٹوکنز استعمال کرسکیں گے۔
آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور صوبائی حکومتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ انٹرنیٹ سے محروم علاقوں میں موجود پٹرول پمپس کی فہرستیں فراہم کریں تاکہ انہیں جلد از جلد اسکیم میں شامل کیا جاسکے۔
اجلاس کو اسٹیٹ بینک کی جانب سے ادائیگیوں کے عمل سے بھی آگاہ کیا گیا۔ حکام کے مطابق گزشتہ تین دنوں کے دوران موصول ہونے والے تمام ادائیگی کے کلیمز نمٹا دیے گئے، جبکہ روزانہ موصول ہونے والے کلیمز کو اسی روز پراسیس کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ تمام کھلے اور فعال پٹرول پمپس کو اسکیم کے نظام کا حصہ بنایا جائے۔ دوسری جانب مستقل طور پر بند پٹرول پمپس اور صرف ڈیزل فروخت کرنے والے اسٹیشنز کو فہرست سے خارج کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکومت کے مطابق پٹرول پمپس کا ڈیٹا زمینی حقائق کے مطابق اپ ڈیٹ کرنے کا مقصد اسکیم کی کوریج بہتر بنانا اور اہل شہریوں کو سبسڈی کے حصول میں درپیش رکاوٹیں ختم کرنا ہے۔
نائب وزیراعظم نے صوبائی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ حکومتی ریلیف مستحق افراد تک بلا تعطل پہنچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔









