
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے خصوصی فیول پروگرام شروع کیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شزا فاطمہ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر فیول اسکیم کے تحت رجسٹریشن کا پیغام مفت کر دیا گیا ہے، جبکہ ایک ٹوکن کے ذریعے صرف 5 لیٹر پیٹرول حاصل کرنے کی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے۔
ان کے مطابق 5 لیٹر سے کم پیٹرول استعمال کرنے والے موٹرسائیکل، چنگچی اور رکشہ مالکان کو ہفتہ وار 500 روپے تک کی رعایت فراہم کی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ یکم جنوری 2006 کے بعد رجسٹرڈ موٹرسائیکل اور چنگچی رکشے اس اسکیم کے لیے رجسٹریشن کے اہل ہوں گے۔ اسکیم میں ہونے والی رجسٹریشن میں 91.6 فیصد حصہ دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کا ہے، جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کی رجسٹریشن 8.4 فیصد رہی ہے۔
شزا فاطمہ کے مطابق اب تک فیول اسکیم کے تحت 14 لاکھ 93 ہزار 848 شہریوں کو فیول ٹوکن جاری کیے جاچکے ہیں، جن میں سے 6 لاکھ 55 ہزار 67 افراد اپنا فیول حاصل کرچکے ہیں۔
وفاقی وزیر نے شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ کسی بھی ممکنہ فراڈ سے محفوظ رہنے کے لیے اپنی ذاتی معلومات غیر متعلقہ افراد کے ساتھ شیئر نہ کریں۔








