کوہاٹ پولیس لائنز دھماکا: 16 افراد جاں بحق، 6 دہشت گرد مارے گئے

0
8
کوہاٹ پولیس لائنز دھماکا: 16 افراد جاں بحق، 6 دہشت گرد مارے گئے

کوہاٹ میں اولڈ پولیس لائنز کے قریب ہونے والے دھماکے اور اس کے بعد سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 16 افراد جاں بحق جبکہ تقریباً 50 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 5 پولیس اہلکار اور 11 شہری شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

حکام کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کلیئرنس آپریشن کے دوران خودکش حملہ آور، ایک اسنائپر سمیت مجموعی طور پر 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیے جانے کی اطلاع ہے۔

خیبر پختونخوا پولیس کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آور نے اسپیشل برانچ کی عمارت کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا۔ دھماکے کی اصل نوعیت اور واقعے کی مکمل وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری رکھا گیا، جبکہ دھماکوں اور فائرنگ کی متعدد آوازیں بھی سنائی دیں۔

آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران سے رپورٹ طلب کرلی۔ ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی اور متاثرین کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد دینے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات قوم کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے۔

یاد رہے کہ کوہاٹ پولیس لائنز کے قریب 2010 میں بھی ایک بڑا دہشت گرد حملہ ہوا تھا، جس میں متعدد افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔

Leave a reply