دیوار ٹوٹی تو اندر سے نکلا ایسا خزانہ، بزرگ کی آنکھیں نم ہوگئیں

شام کے شہر حمص میں ایک بزرگ شہری کو جنگ کے دوران گھر کی دیوار کے پیچھے محفوظ کی گئی اپنی ذاتی لائبریری تقریباً 15 سال بعد دوبارہ مل گئی۔
رپورٹس کے مطابق ابو بلال نامی شہری نے شام میں حالات خراب ہونے اور خانہ جنگی شروع ہونے سے قبل اپنی قیمتی کتابیں محفوظ رکھنے کے لیے گھر میں ایک اضافی دیوار تعمیر کروائی تھی۔ کتابوں کو نمی اور نقصان سے بچانے کے لیے ان کے درمیان گتے کی تہیں بھی رکھی گئی تھیں۔
ملک چھوڑنے کے بعد ابو بلال کویت منتقل ہوگئے، تاہم انہیں امید تھی کہ حالات بہتر ہونے پر وہ ایک دن واپس آکر اپنی کتابیں حاصل کرلیں گے۔
شام میں سیاسی حالات کی تبدیلی کے بعد وہ رواں سال حمص واپس پہنچے اور ہتھوڑے کی مدد سے دیوار توڑ کر اپنی لائبریری نکالی۔ اس موقع پر ان کے بیٹے بلال علون نے ویڈیو بنائی، جو بعد میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی۔
دیوار کھولنے پر کتابوں کے علاوہ کچھ رقم، مذہبی اسناد، سرٹیفکیٹس اور دیگر ذاتی اشیا بھی محفوظ حالت میں ملیں۔ ابو بلال نے کتابوں کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور وطن واپسی پر شکر ادا کیا۔
ذاتی ذخیرے میں مذہبی اور علمی موضوعات پر متعدد کتابیں شامل ہیں، جن میں سیرت النبی ﷺ اور اسلامی علوم سے متعلق تصانیف بھی موجود ہیں۔ ان کے ذخیرے میں جامع الاصول فی احادیث الرسول کا مکمل مجموعہ بھی شامل بتایا جاتا ہے، جبکہ ان کی تسبیح اور مذہبی تعلیم سے متعلق اسناد بھی محفوظ ملیں۔
اس واقعے پر کئی شامی شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ بعض افراد نے بتایا کہ جنگ کے دوران ان کی اپنی کتابیں آگ، پانی یا نقل مکانی کے باعث ضائع ہوگئیں۔
ابو بلال کی محفوظ لائبریری کو شامی شہریوں کی جانب سے جنگ کے دوران کتابوں، علم اور ثقافتی ورثے کو بچانے کی کوشش کی ایک علامت کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔









