
اسلام آباد: حکومت نے وزیراعظم فیول سبسڈی اسکیم کے تحت رجسٹریشن کے لیے بھیجے جانے والے ایس ایم ایس کی فیس ختم کردی ہے، جس کے بعد شہری بغیر کسی اضافی چارج کے اپنا اندراج کراسکیں گے۔
حکومتی اعلان کے مطابق اسکیم کا مقصد موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیاں رکھنے والے کم اور متوسط آمدن والے افراد کو پیٹرول کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کرنا ہے۔
رجسٹریشن کے لیے شہریوں کو ایس ایم ایس میں پہلے REG لکھنا ہوگا، اس کے بعد شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر، رجسٹریشن صوبے کا پہلا حرف اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ درج کرکے 9771 پر پیغام بھیجنا ہوگا۔
حکام کے مطابق وزیراعظم فیول سبسڈی پروگرام کا دائرہ پورے پاکستان کے ساتھ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک بڑھا دیا گیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگچی رکشہ کے لیے ماہانہ 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔
حکومت کی جانب سے پیٹرول ریلیف اسکیم کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 100 روپے فی لیٹر تک ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پیٹرولیم ڈیلرز نے اسکیم کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے وضاحت طلب کی ہے۔ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ سبسڈی کی رقم کی ادائیگی اور مالی تحفظ کے حوالے سے انہیں مکمل طریقہ کار فراہم نہیں کیا گیا۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر پمپس مالکان کے مالی تحفظ کی ضمانت نہ دی گئی تو اسکیم پر عملدرآمد میں مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔









