کترینہ کیف کی ظاہری شکل پر تنقید، علی ظفر نے ٹرولرز کو آڑے ہاتھوں لے لیا

0
19
کترینہ کیف کی ظاہری شکل پر تنقید، علی ظفر نے ٹرولرز کو آڑے ہاتھوں لے لیا

لاہور: بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف کی حالیہ تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد بعض صارفین کی جانب سے ان کے حلیے اور جسمانی ساخت پر تبصرے کیے گئے، جس پر پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر نے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

کترینہ کیف حال ہی میں اپنے شوہر اور اداکار وکی کوشل کے ہمراہ معروف بھارتی صنعت کار مکیش امبانی کی جانب سے منعقدہ گنپتی تقریب میں شریک ہوئی تھیں۔ تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیلیں، تاہم کچھ صارفین نے اداکارہ کی ظاہری شکل کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

اس معاملے پر علی ظفر نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا اور لوگوں کو دوسروں کی جسمانی ساخت یا ظاہری شخصیت پر غیر ضروری تبصرے کرنے سے گریز کرنے کی تلقین کی۔

علی ظفر کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر کسی خاتون کے ماضی اور حال کے حلیے کا موازنہ کرکے اس پر تنقید کرنا معاشرے میں قائم ان غیر حقیقی خوبصورتی کے معیار کی عکاسی کرتا ہے، جن کا خواتین کو مسلسل سامنا رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ان کی ساتھی اداکارہ ماہرہ خان سمیت کئی خواتین بھی آن لائن تنقید اور ٹرولنگ کا سامنا کرچکی ہیں۔

اداکار کے مطابق ہر شخص اپنی زندگی میں مختلف حالات اور مسائل سے گزر رہا ہوتا ہے، جن سے دوسروں کو مکمل طور پر آگاہی نہیں ہوتی۔ ایسے میں کسی کے بارے میں فوری رائے قائم کرنے کے بجائے تحمل اور احترام کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

علی ظفر نے خوبصورتی سے متعلق معاشرتی توقعات پر بھی بات کی اور کہا کہ خواتین سے مخصوص جسمانی ساخت برقرار رکھنے یا مردوں سے ہر وقت سکس پیک کی توقع کرنا حقیقت پسندانہ رویہ نہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ سوشل میڈیا صارفین کو ایک دوسرے کی ظاہری شکل پر مسلسل تنقید کرنے کے بجائے مثبت اور مہذب رویہ اختیار کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ علی ظفر اور کترینہ کیف ماضی میں فلم ’میرے برادر کی دلہن‘ میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں۔

علی ظفر کے ویڈیو پیغام کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف آرا کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

Leave a reply