ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی: بھارت نے نیوٹرل وینیو کی پاکستانی درخواست مسترد کردی

0
14
ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی: بھارت نے نیوٹرل وینیو کی پاکستانی درخواست مسترد کردی

لاہور: ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2026 کے انعقاد سے متعلق پاکستان اور بھارت کے درمیان وینیو کا معاملہ حل نہ ہوسکا۔ بھارت نے پاکستان کی جانب سے ٹورنامنٹ کو غیر جانب دار مقام پر منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے موجودہ پاک بھارت صورتحال کے پیش نظر ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کو کسی نیوٹرل مقام پر منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔

پی ایچ ایف کے ایڈہاک صدر محی الدین احمد وانی کے مطابق پاکستان کی ترجیح قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی ہے، اسی وجہ سے ایشین ہاکی فیڈریشن سے ایونٹ یا کم از کم پاکستان کے تمام میچز غیر جانب دار مقام پر کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔

دوسری جانب بھارتی ہاکی فیڈریشن نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ٹورنامنٹ بھارت میں طے شدہ پروگرام کے مطابق ہی منعقد ہوگا۔ بھارتی ہاکی فیڈریشن کے صدر بھولا ناتھ سنگھ کے مطابق اگر پاکستان ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرتا تو کسی دوسری ٹیم کو ایونٹ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2026 کے مقابلے 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک بھارت کے شہروں جالندھر اور موہالی میں شیڈول ہیں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن پہلے ہی ایشین ہاکی فیڈریشن سے مطالبہ کرچکی ہے کہ موجودہ صورتحال کے باعث ٹورنامنٹ یا پاکستان کے میچز بھارت سے منتقل کرکے کسی غیر جانب دار مقام پر منعقد کیے جائیں۔

Leave a reply