کھانا جل جائے تو ضائع کرنے کی ضرورت نہیں، ذائقہ بہتر بنانے کے آسان طریقے

کھانا پکاتے ہوئے اگر سالن یا سبزی نیچے سے جل جائے تو اس کی بو اور ذائقہ پورے کھانے کو متاثر کر سکتے ہیں۔ تاہم اگر کھانا زیادہ نہیں جلا تو چند آسان گھریلو تدابیر کے ذریعے اسے کسی حد تک قابلِ استعمال بنایا جا سکتا ہے۔
سب سے پہلے کیا کریں؟
کھانا جلنے کا احساس ہوتے ہی چولہا بند کردیں اور اسے ہلانے یا چمچ چلانے سے گریز کریں۔ اس طرح برتن کی تہہ میں موجود جلا ہوا حصہ اوپر نہیں آئے گا اور اس کی بو مزید کھانے میں نہیں پھیلے گی۔
اوپر موجود صاف سالن کو احتیاط سے ایک دوسرے برتن میں منتقل کریں، جبکہ نیچے جمی ہوئی جلی تہہ کو وہیں چھوڑ دیں۔
دہی یا کریم کا استعمال
اگر سالن میں معمولی سی جلی ہوئی بو رہ گئی ہو تو ایک یا دو چمچ دہی شامل کیا جا سکتا ہے۔ اس سے ذائقے میں ہلکی کھٹاس پیدا ہوگی اور مجموعی ذائقہ متوازن محسوس ہو سکتا ہے۔ کریمی سالن کی صورت میں تھوڑی مقدار میں کریم بھی شامل کی جا سکتی ہے۔
لیموں سے ذائقہ تازہ کریں
لیموں کا رس بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ ابتدا میں چند قطرے شامل کرکے کھانا چکھیں اور ضرورت کے مطابق مزید رس ڈالیں۔ لیموں کی ہلکی ترشی ذائقے کو تازگی دے سکتی ہے اور جلے پن کا احساس کم نمایاں ہو سکتا ہے۔
آلو اور ہرا دھنیا آزمائیں
ہلکے جلے ہوئے سالن میں آلو کے چند ٹکڑے ڈال کر کچھ دیر ہلکی آنچ پر پکایا جا سکتا ہے۔ تازہ ہرا دھنیا بھی شامل کیا جا سکتا ہے، جو سالن کی خوشبو اور ذائقے کو بہتر بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔
البتہ اگر کھانا بری طرح جل چکا ہو، اس میں جلے ہوئے ذرات زیادہ ہوں یا بو بہت شدید ہو تو اسے بچانے کی کوشش کے بجائے ضائع کرنا زیادہ مناسب ہے۔
آئندہ کھانا جلنے کی صورت میں فوراً اسے ہلانے کے بجائے اوپر والا صاف حصہ الگ کرلیں، پھر ذائقے کے مطابق مناسب اجزا استعمال کرکے اسے بہتر بنانے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔









