محمد رضوان کی این سی سی آئی اے کے خلاف درخواست خارج

0
8
محمد رضوان کی این سی سی آئی اے کے خلاف درخواست خارج

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے قومی کرکٹر محمد رضوان کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے جاری تحقیقات کے خلاف دائر درخواست مسترد کردی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے محمد رضوان کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے درخواست خارج کرتے ہوئے کرکٹر کو این سی سی آئی اے کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات جمع کرانے کی ہدایت کی۔

محمد رضوان نے اپنے وکیل قاضی عمیر علی کے ذریعے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ درخواست میں این سی سی آئی اے کے قانونی دائرہ اختیار اور تحقیقات کی نوعیت پر اعتراضات اٹھائے گئے تھے۔

درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ این سی سی آئی اے نے طلبی کے لیے کوئی واضح یا مخصوص الزام سامنے نہیں رکھا، اس لیے نامعلوم الزام کی بنیاد پر تحقیقات کی وجوہات واضح کی جائیں۔ درخواست میں عدالتی فیصلے تک این سی سی آئی اے کی کارروائی روکنے کی استدعا بھی کی گئی تھی۔

سماعت کے دوران عدالت نے محمد رضوان کو ہدایت کی کہ وہ این سی سی آئی اے کے سوالنامے کے جوابات جمع کرائیں، جس کے بعد درخواست خارج کردی گئی۔

یاد رہے کہ این سی سی آئی اے نے محمد رضوان اور امام الحق کو سوالنامے جاری کیے تھے اور دونوں سے 15 ستمبر تک جوابات طلب کیے گئے تھے۔ امام الحق اپنے جوابات جمع کرا چکے ہیں۔

دونوں کرکٹرز کو دورۂ انگلینڈ کے دوران وطن واپس طلب کیا گیا تھا، جس کے بعد این سی سی آئی اے کی جانب سے ان کے معاملے کی تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔

Leave a reply