
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اعلان کردہ خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم کو ملک بھر میں نافذ کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ حکومت کے مطابق اسکیم کا باقاعدہ ملک گیر نفاذ 16 ستمبر 2026 کی رات 11 بج کر 59 منٹ سے شروع ہوگا۔
حکومتی حکام کے مطابق اسلام آباد میں یہ سہولت پہلے ہی دستیاب ہے، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی رعایتی پیٹرول کی فراہمی کا عمل بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے شروع ہوجائے گا۔
اس حوالے سے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت نیشنل اسٹیئرنگ کمیٹی برائے فیول سبسڈی کا اجلاس ہوا، جس میں اسکیم کے انتظامی امور، رجسٹریشن اور ملک گیر نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔
حکام نے اجلاس کو بتایا کہ شہری 9771 پر ایس ایم ایس بھیج کر رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ حکومت نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ رجسٹریشن کا طریقہ کار آسان رکھا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ اہل افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکلیں، تین پہیوں والی گاڑیاں اور 800 سی سی تک کی کاریں شامل ہوں گی۔ اس کے علاوہ لوڈرز اور پک اَپس بھی اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ فیول ریلیف پروگرام کے اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی، جبکہ پیٹرول پمپس کو واجب الادا ادائیگیاں اسٹیٹ بینک کے ذریعے بروقت کرنے کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملک بھر میں عوام کو اسکیم کی اہلیت، رجسٹریشن اور رعایتی پیٹرول حاصل کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا جائے۔ صوبائی حکومتوں کو ضلعی سطح پر آگاہی مہم مکمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے رضاکاروں اور منتخب نمائندوں کی مدد سے عوام تک اسکیم سے متعلق معلومات پہنچائی جائیں گی تاکہ اہل شہری رجسٹریشن کے عمل سے بروقت فائدہ اٹھا سکیں۔









