نادرا کا خواتین کے لیے ملازمتوں کا اعلان، واک اِن ٹیسٹ 29 ستمبر سے

0
18
نادرا کا خواتین کے لیے ملازمتوں کا اعلان، واک اِن ٹیسٹ 29 ستمبر سے

سرگودھا: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والی خواتین کے لیے جونیئر ایگزیکٹو (ڈیٹا انٹری آپریٹر) کی متعدد آسامیوں کا اعلان کردیا ہے۔

نادرا کے مطابق بھرتی کا یہ مرحلہ فیصل آباد، چنیوٹ، جھنگ، حافظ آباد، سرگودھا، میانوالی، خوشاب اور بھکر کی اہل خواتین کے لیے ہے۔ امیدواروں کے واک اِن ٹیسٹ 29 ستمبر سے یکم اکتوبر 2026 تک مختلف مقررہ شیڈول کے تحت ہوں گے۔

کون خواتین درخواست دے سکتی ہیں؟

امیدوار کا تعلق مذکورہ اضلاع میں سے کسی ایک سے ہونا لازمی ہے، جس کی تصدیق شناختی کارڈ یا ڈومیسائل کے ذریعے کی جائے گی۔

ملازمت کے لیے کم از کم تعلیمی قابلیت انٹرمیڈیٹ یا مساوی رکھی گئی ہے، جبکہ متعلقہ کام کا کم از کم ایک سال کا تجربہ رکھنے والی امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔

امیدوار کی عمر زیادہ سے زیادہ 25 سال ہونی چاہیے۔ نادرا کے مطابق اس عمر میں پہلے ہی پانچ سال کی عمومی رعایت شامل ہے اور مزید عمر کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ اقلیتی اور معذور خواتین بھی ان آسامیوں کے لیے اہل قرار دی گئی ہیں۔

مختلف اضلاع میں آسامیوں کی تفصیل

فیصل آباد میں ستیانہ، امین پور اور رام دیوالی کے لیے 3، چنیوٹ کے احمد نگر میں 2 جبکہ جھنگ میں 18 ہزاری اور شورکوٹ کے لیے 2 آسامیاں رکھی گئی ہیں۔

حافظ آباد میں کسوکی، وینیکے تارڑ، کلیکی، جلال پور بھٹیاں اور سکھیکی کے لیے 5 جبکہ سرگودھا میں کوٹ مومن، فروکہ، سی ایف ایس سی اور سلانوالی کے لیے بھی 5 آسامیاں مختص کی گئی ہیں۔

اسی طرح میانوالی میں کوٹ چندنہ، میانوالی، چکڑالہ اور بن حافظ جی کے لیے 4، خوشاب میں جوہرآباد اور مٹھا تیوانہ کے لیے 2 جبکہ بھکر میں بہل، ڈلے والا اور منکیرہ کے لیے 3 نشستیں موجود ہیں۔

ٹیسٹ اور انٹرویو کا شیڈول

فیصل آباد، چنیوٹ اور جھنگ کی امیدواروں کا ٹیسٹ 29 ستمبر کو ہوگا، جبکہ کامیاب اور شارٹ لسٹ امیدواروں کے انٹرویوز 30 ستمبر کو ہوں گے۔

حافظ آباد اور سرگودھا کی امیدواروں کے لیے ٹیسٹ 30 ستمبر اور انٹرویو یکم اکتوبر کو ہوگا۔

میانوالی، خوشاب اور بھکر سے تعلق رکھنے والی امیدواروں کا ٹیسٹ یکم اکتوبر جبکہ انٹرویو 2 اکتوبر کو ہوگا۔

ٹیسٹ والے دن رجسٹریشن صبح 8:30 بجے سے دوپہر 1 بجے تک کی جائے گی۔ انٹرویوز مقررہ دن صبح 9 بجے شروع ہوں گے۔

کہاں پہنچنا ہوگا؟

تمام ٹیسٹ اور انٹرویوز نادرا ریجنل ہیڈ آفس، 6 گلشن ایونیو، لنک پی اے ایف روڈ، سرگودھا میں منعقد ہوں گے۔

امیدواروں کو ٹیسٹ کے وقت اصل شناختی، تعلیمی اور تجربے سے متعلق دستاویزات ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سرکاری یا نیم سرکاری اداروں میں ملازمت کرنے والی خواتین کے لیے این او سی پیش کرنا بھی ضروری ہوگا۔

انٹرویو کے موقع پر تعلیمی اسناد متعلقہ تعلیمی بورڈ سے تصدیق شدہ شکل میں پیش کرنا ہوں گی۔ کامیاب امیدواروں سے بعد ازاں میڈیکل فٹنس اور کریکٹر سرٹیفکیٹ بھی طلب کیے جاسکتے ہیں۔

نادرا نے واضح کیا ہے کہ غلط معلومات فراہم کرنے کی صورت میں امیدوار کو بھرتی کے کسی بھی مرحلے پر نااہل قرار دیا جاسکتا ہے۔

اہل امیدوار اپنے مقررہ دن سرگودھا ریجنل ہیڈ آفس پہنچ کر واک اِن ٹیسٹ میں شرکت کرسکتی ہیں۔ درخواست، ٹیسٹ کے نمونے اور دیگر تفصیلات نادرا کے آفیشل کیریئرز پورٹل پر دیکھی جاسکتی ہیں۔

Leave a reply