
موکی: ویمنز جونیئر ہاکی ایشیا کپ 2026 کے کوارٹر فائنل میں پاکستانی ٹیم کو روایتی حریف بھارت کے خلاف ایک طرفہ مقابلے میں 19-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے ساتھ ہی قومی ٹیم ایونٹ کے ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔
چین کے شہر موکی میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور پاکستان کو دفاعی دباؤ میں رکھا۔ بھارت نے پہلے ہاف میں ہی 10 گول داغ کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔
دوسرے ہاف میں بھی بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی دفاع کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور مسلسل گول اسکور کیے۔ پوجا ملک نے نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے ہیٹ ٹرک مکمل کی، جبکہ روشنی نے بھی متعدد گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
بھارت نے میچ کے اختتام تک گولز کا سلسلہ جاری رکھا اور اسکور 19-0 تک پہنچا دیا۔
کوارٹر فائنل میں کامیابی کے بعد بھارت نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے، جہاں اس کا سامنا جنوبی کوریا اور ملائیشیا کے درمیان ہونے والے کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
بھارتی ٹیم اس ٹورنامنٹ کی دفاعی چیمپئن بھی ہے اور گزشتہ دو ایڈیشنز میں ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔ مسلسل تیسری مرتبہ چیمپئن بننے کے لیے بھارت کو اب مزید دو فتوحات درکار ہیں۔








