
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ حمیرا بانو کی شادی کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی نجی زندگی سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں گردش کرنے لگیں، جن میں ایک دعویٰ یہ بھی تھا کہ انہوں نے سینئر اداکار عثمان پیرزادہ سے شادی کی ہے۔
سوشل میڈیا پر پھیلنے والی ان افواہوں میں یہ بھی کہا گیا کہ عثمان پیرزادہ نے اپنی اہلیہ ثمینہ پیرزادہ سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔ تاہم عثمان پیرزادہ نے ان تمام دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ان کی شادی شدہ زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
ایک مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے عثمان پیرزادہ نے کہا کہ وہ کئی دہائیوں سے ایک ہی اہلیہ کے ساتھ ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ یہ رشتہ آئندہ بھی قائم رہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ زیادہ ویوز اور کلکس حاصل کرنے کے لیے ایسی اطلاعات نشر کر دیتے ہیں، جس سے نہ صرف فنکار بلکہ ان کے مداح بھی پریشان ہوتے ہیں۔
اداکار کے مطابق افواہ پھیلنے کے بعد انہیں مداحوں کی جانب سے متعدد فون کالز موصول ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ حمیرا بانو اور ان کے حقیقی شوہر سے بھی اس معاملے پر بات ہوئی اور سب نے اسے محض ایک مضحکہ خیز افواہ سمجھا۔
دوسری جانب حمیرا بانو نے بھی ایک ویڈیو کال کے دوران واضح کیا کہ عثمان پیرزادہ سے ان کی شادی کی خبریں درست نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر کا شوبز سے کوئی تعلق نہیں اور وہ نہ فنکار ہیں اور نہ ہی ڈائریکٹر۔
بعد ازاں حمیرا بانو کے شوہر کی تصویر بھی سامنے آگئی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی عثمان پیرزادہ سے ان کی شادی کی افواہوں کی حقیقت مزید واضح ہوگئی۔









