پاکستان نے نیپال کے سیلاب متاثرین کے لیے 100 ٹن امدادی سامان بھجوا دیا

0
19
پاکستان نے نیپال کے سیلاب متاثرین کے لیے 100 ٹن امدادی سامان بھجوا دیا

اسلام آباد: پاکستان نے نیپال میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے 100 ٹن انسانی امداد روانہ کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اتوار کے روز امدادی سامان پر مشتمل کھیپ چارٹرڈ طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو روانہ کی۔

این ڈی ایم اے کے مطابق امدادی سامان میں خیمے، کمبل، میٹس، حفظانِ صحت کی کٹس اور ضروری ادویات شامل ہیں۔ یہ سامان سیلاب سے متاثرہ آبادی کی فوری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فراہم کیا گیا ہے۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر تقریب بھی منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور پاکستان میں تعینات نیپال کے سفیر سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے نیپال میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے باعث ہونے والے جانی نقصان اور پیدا ہونے والی انسانی صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دستیاب اطلاعات کے مطابق سیلاب کے نتیجے میں 1300 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 4200 سے زیادہ افراد لاپتا ہیں، جب کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی اور ریسکیو سرگرمیاں جاری ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں نیپال کے عوام اور حکومت کے ساتھ ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کی جانب سے بھیجی جانے والی امداد دونوں ممالک کے درمیان ہمدردی اور یکجہتی کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امدادی سامان کی یہ کھیپ صرف بنیادی ضروریات کی فراہمی نہیں بلکہ پاکستانی عوام کی جانب سے نیپالی عوام کے لیے تعاون اور یکجہتی کا پیغام بھی ہے۔ پاکستان خود ماضی میں زلزلوں اور سیلاب جیسی قدرتی آفات کا سامنا کرچکا ہے، اس لیے وہ متاثرین کی مشکلات کو بخوبی سمجھتا ہے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے نیپال کی حکومت، سیکیورٹی اداروں، امدادی ٹیموں، رضاکاروں اور انسانی ہمدردی کی تنظیموں کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پیغام واضح ہے کہ نیپال کے عوام اس مشکل وقت میں اکیلے نہیں، پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لیے مغفرت اور لاپتا افراد کی جلد اور بحفاظت واپسی کی دعا بھی کی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے امدادی سامان کی بروقت روانگی میں کردار ادا کرنے والے تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ کوششوں کو سراہا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد کا مقصد نیپال کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی ضروریات کی کمی دور کرنے اور مقامی حکام کی معاونت کرنا ہے۔

Leave a reply