گھر میں خاموش موت، ترک اداکار کی اچانک ہلاکت نے سب کو حیران کردیا

0
12
گھر میں خاموش موت، ترک اداکار کی اچانک ہلاکت نے سب کو حیران کردیا

ترک ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار سرحات مصطفیٰ کیلیچ استنبول میں اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ وہ مشہور تاریخی ڈرامہ سیریز ’کورولوش عثمان‘ میں ’میخائل کوسس‘ کا کردار ادا کرنے کے باعث پاکستانی سمیت دنیا بھر کے ناظرین میں خاصی شہرت رکھتے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 51 سالہ اداکار کو استنبول کے علاقے کاگتھانے میں واقع ان کی رہائش گاہ پر 5 ستمبر کو ایک قریبی دوست نے بے حس و حرکت پایا۔
بتایا گیا ہے کہ اداکار کی دوست اوزلم ای گزشتہ چند روز سے ان سے رابطے کی کوشش کر رہی تھیں۔ مسلسل رابطہ نہ ہونے پر وہ ان کے گھر پہنچیں، جہاں اداکار کو ایک کمرے میں کرسی پر بیٹھا ہوا پایا۔ سانس نہ چلنے پر فوری طور پر ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی گئی، تاہم طبی عملے نے موقع پر پہنچ کر ان کی موت کی تصدیق کردی۔
پولیس کو دیے گئے بیان میں اوزلم ای نے بتایا کہ اداکار کو لمف کینسر کا مرض لاحق تھا۔ تاہم ان کی موت کی حتمی وجہ ابھی سامنے نہیں آئی۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ابتدائی جائزے کے دوران جسم پر کسی قسم کے تشدد یا نمایاں زخم کے شواہد نہیں ملے۔ موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
سرحات مصطفیٰ کیلیچ نے 1998 میں تھیٹر سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا تھا۔ اداکاری کے ساتھ وہ فلم اور ٹیلی وژن کے متعدد منصوبوں کا حصہ رہے۔ ان کی فلم ’کچ یوکوسو‘ نے 2014 میں کانز فلم فیسٹیول میں بھی ایوارڈ حاصل کیا۔
اداکار نے ’سوز‘، ’کورولوش عثمان‘ اور ’محمد فاتح‘ سمیت کئی معروف ترک ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ’کورولوش عثمان‘ میں میخائل کوسس کے کردار نے انہیں بین الاقوامی سطح پر مزید مقبولیت دلائی۔

Leave a reply