ملازمین دفتر پہنچیں تو میزوں پر کیا رکھا تھا؟ ڈبے کھلتے ہی سب حیران رہ گئیں

متحدہ عرب امارات میں ایک خاتون کاروباری شخصیت نے اپنی خواتین ملازمین کو قیمتی اسمارٹ فونز تحفے میں دے کر سب کے دل جیت لیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یو اے ای کی ایک کمپنی کی منیجنگ ڈائریکٹر حسینہ نشاد نے اپنی خواتین ورکرز کو اچانک مہنگے فولڈ ایبل آئی فونز تحفے میں دیے۔
خاتون باس نے تحفوں کے ڈبے ملازمین کی میزوں پر رکھوائے۔ جب خواتین نے انہیں کھولا تو اندر تقریباً 2 ہزار ڈالر مالیت کے آئی فون موجود تھے۔ اس غیر متوقع تحفے پر ملازمین خوشی اور جذبات سے آبدیدہ ہوگئیں۔
حسینہ نشاد نے اپنے گھر میں صفائی کا کام کرنے والی خاتون کو بھی قیمتی فون تحفے میں دیا۔ تحفہ ملنے پر وہ خاتون اس قدر جذباتی ہوگئی کہ اپنی باس کو گلے لگا کر رونے لگی۔
حسینہ نشاد نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں اس اقدام کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ہر خاتون کے اپنے خواب، ذمہ داریاں اور مشکلات ہوتی ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ خواتین خوداعتماد اور مضبوط بنیں اور اپنے خواب پورے کرسکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی خاتون کی کامیابی سے بڑھ کر انہیں کسی چیز پر فخر نہیں ہوتا، کیونکہ جب ایک خاتون ترقی کرتی ہے تو وہ دوسری خواتین کے لیے بھی آگے بڑھنے کا حوصلہ بنتی ہے۔
خاتون باس کے اس اقدام کو سوشل میڈیا پر خواتین کی حوصلہ افزائی اور قدر شناسی کی ایک خوبصورت مثال قرار دیا جا رہا ہے۔








