نجی حج اسکیم، پیکیج کے انتخاب اور ادائیگی کی آخری تاریخ مقرر

0
22
نجی حج اسکیم، پیکیج کے انتخاب اور ادائیگی کی آخری تاریخ مقرر

اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور نے نجی حج اسکیم کے تحت حج 2027 کے لیے پیکیج منتخب کرنے اور واجب الادا رقم جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 نومبر 2026 مقرر کردی ہے۔

وزارت کے مطابق نجی حج اسکیم میں عازمین کو مختلف بجٹ اور ضروریات کے مطابق پیکیجز منتخب کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 14 لاکھ سے 37 لاکھ 50 ہزار روپے تک مالیت کے 16 بنیادی حج پیکیجز منظور کیے گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال نجی حج اسکیم کے لیے مجموعی طور پر 71 ہزار 684 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ دستیاب پیکیجز میں مختصر دورانیے کے حج، بیرونِ ملک سے براہِ راست پرواز اور اعلیٰ معیار کی رہائش سمیت مختلف سہولیات کے آپشنز شامل ہیں۔

وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق بڑی تعداد میں منظور شدہ حج آرگنائزرز نے اپنے پیکیجز حج پورٹل پر فراہم کردیے ہیں۔ عازمین پورٹل پر مختلف پیکیجز، سہولیات اور قیمتوں کا جائزہ لے کر اپنی ضرورت کے مطابق انتخاب کرسکتے ہیں۔

وزارت نے عازمین کو خبردار کیا ہے کہ پیکیج منتخب کرنے کے بعد ادائیگی صرف سرکاری حج پورٹل یا ’’پاک حج ایپ‘‘ کے ذریعے کی جائے۔ کسی شخص، ایجنٹ یا حج آرگنائزر کو براہِ راست رقم دینے سے گریز کیا جائے تاکہ فراڈ اور مالی نقصان کے امکانات سے بچا جاسکے۔

وزارت کے مطابق 20 نومبر تک نجی حج اسکیم کا مقررہ کوٹہ مکمل نہ ہونے کی صورت میں باقی نشستوں کو دوبارہ مختص کرنے کا اختیار وزارت کے پاس ہوگا۔

حکام نے حج 2027 کے لیے نجی اسکیم کے تحت جانے کے خواہش مند افراد پر زور دیا ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل پیکیج کا انتخاب اور ادائیگی کا عمل مکمل کرلیں۔

Leave a reply