مس ورلڈ کے اسٹیج پر منفرد ’سی سیکشن‘ گاؤن نے سب کی توجہ حاصل کرلی

0
21
مس ورلڈ کے اسٹیج پر منفرد ’سی سیکشن‘ گاؤن نے سب کی توجہ حاصل کرلی

مس ورلڈ یوگنڈا موہوزا ٹریویا ایلے نے ایک منفرد گاؤن پہن کر عالمی فیشن اسٹیج پر نئی مثال قائم کردی۔ لباس کا ڈیزائن خواتین کے سیزیرین آپریشن اور ماں بننے کے تجربے سے متاثر ہوکر تیار کیا گیا تھا۔

یہ خصوصی لباس ڈیزائنر کیشا عبداللہ نے ورلڈ ڈیزائنر ایوارڈ کے لیے تخلیق کیا۔ ڈیزائنر کے مطابق گاؤن کا تصور ان کے ذاتی تجربے سے جڑا ہے، جس کے ذریعے وہ بچے کی پیدائش کے دوران خواتین کو پیش آنے والے جسمانی اور جذباتی مراحل کو فن کے ذریعے اجاگر کرنا چاہتی تھیں۔

گاؤن میں سیزیرین پیدائش کے عمل سے متاثر سات تہوں کو مختلف رنگوں، کپڑوں اور بناوٹ کے ذریعے نمایاں کیا گیا۔ لباس کی متعدد تہیں ماں کی جانب سے اپنے بچے کو فراہم کی جانے والی حفاظت، محبت اور نگہداشت کی علامت قرار دی گئی ہیں۔

لباس کی تیاری میں اسٹریچ سیٹن اور باریک جالی دار کپڑے سمیت مختلف فیبرکس استعمال کیے گئے، جبکہ ایک کندھے والا فِٹڈ انداز اسے مزید منفرد بناتا ہے۔ گاؤن کو موتیوں، شیشے کے بیڈز اور کرسٹل سے بھی سجایا گیا ہے۔

لباس میں آڑو، سنہری، کورل، سرخ، میرون اور برگنڈی رنگوں کا امتزاج رکھا گیا، جو ڈیزائنر کے مطابق حمل سے بچے کی پیدائش تک کے مختلف مراحل کی عکاسی کرتا ہے۔

کیشا عبداللہ نے بتایا کہ گاؤن کی تیاری میں خاصا وقت صرف ہوا۔ آرائشی پتھروں اور دیگر سامان کے انتخاب کے لیے دبئی کے سپلائرز سے مدد لی گئی، جبکہ ہر تہہ کے لیے مختلف امتزاج آزمانے کے بعد حتمی ڈیزائن مکمل کیا گیا۔

مس ورلڈ کے اسٹیج پر گاؤن پیش کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بھی اس ڈیزائن کو بھرپور سراہا۔ صارفین نے اسے خواتین کے تجربات کو فن اور فیشن کے ذریعے پیش کرنے کی خوبصورت کوشش قرار دیا۔

ڈیزائنر کے مطابق اس لباس کا مقصد محض ایک خوبصورت فیشن تخلیق کرنا نہیں بلکہ خواتین کی ہمت، زچگی کے سفر اور بچے کی پیدائش جیسے زندگی کے اہم مرحلے کو خراجِ تحسین پیش کرنا بھی ہے۔

Leave a reply