کارکردگی نہ دکھانے والے کھلاڑیوں کی جگہ نئے چہروں کو موقع دیں گے: محسن نقوی

0
11
کارکردگی نہ دکھانے والے کھلاڑیوں کی جگہ نئے چہروں کو موقع دیں گے: محسن نقوی

لندن: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مسلسل شکستوں کے بعد قومی ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ خراب کارکردگی پر فیصلے کرنا ناگزیر ہو جاتا ہے۔

لندن میں گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وہ تنقید سے گھبرانے والے نہیں اور ٹیم کی بہتری کے لیے مشکل فیصلے کرنے سے بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انگلینڈ کے خلاف ابتدائی دونوں ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد پاکستان نے اسکواڈ میں نمایاں تبدیلیاں کی ہیں۔ کئی سینئر کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہر کرکے نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی کے مطابق ان تبدیلیوں کا مقصد کسی کھلاڑی کو سزا دینا نہیں بلکہ ٹیسٹ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لانا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ سلمان علی آغا ایک باصلاحیت کرکٹر ہیں، تاہم موجودہ سیریز میں ان کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ جو کھلاڑی میدان میں پرفارم نہیں کرے گا، اس کی جگہ کسی دوسرے کھلاڑی کو موقع مل سکتا ہے۔

پی سی بی چیئرمین نے ٹیسٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ طویل فارمیٹ میں پاکستان کو فوری بہتری کی ضرورت ہے۔ تاہم انہوں نے محدود اوورز کی کرکٹ میں ٹیم کی مجموعی پیش رفت کو بھی اجاگر کیا۔

ان کے مطابق پاکستان ون ڈے کرکٹ میں پانچویں جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں چھٹی پوزیشن پر موجود ہے، جبکہ حالیہ عرصے میں وائٹ بال کرکٹ میں ٹیم نے کئی سیریز میں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

محسن نقوی نے پاکستان کرکٹ کے مکمل طور پر زوال کا شکار ہونے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایک یا چند میچز کی خراب کارکردگی کو بنیاد بنا کر پوری کرکٹ کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر میچ اہم ہے اور ٹیم سے بہتر نتائج کی توقع ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی کھلاڑی کی تذلیل کے حق میں نہیں اور ٹیم کے کھلاڑیوں پر ان کا اعتماد برقرار ہے۔

دوسری جانب ٹیسٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ سرفراز احمد اور عمر گل کو ذمہ داریوں سے ہٹانے کے بعد مائیک ہیسن اور ایشلے نوفکے کو ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

سلیکشن کے معاملات پر بھی پی سی بی نے بعض ارکان سے وضاحت طلب کی ہے، جبکہ سابق کپتان مصباح الحق سلیکشن کمیٹی سے علیحدگی اختیار کر چکے ہیں۔

قومی ٹیم برمنگھم پہنچ چکی ہے، جہاں تیسرے ٹیسٹ سے قبل پریکٹس اور تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا آخری ٹیسٹ 9 ستمبر سے ایجبسٹن میں شروع ہوگا۔

Leave a reply