
راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال میں ڈاکٹروں نے ایک کم عمر بچے کے کٹے ہوئے ہاتھ کو کامیاب سرجری کے ذریعے دوبارہ جوڑ دیا۔
ذرائع کے مطابق جہلم سے تعلق رکھنے والے 5 سالہ بچے کا ہاتھ ٹوکے کے وار سے مکمل طور پر کٹ گیا تھا، جسے فوری طور پر ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹر طیب اور ڈاکٹر امبرین کی سربراہی میں طبی ٹیم نے پیچیدہ مائیکرو ویسکیولر سرجری انجام دی۔ آپریشن کے دوران ہاتھ کی خون کی شریانوں اور رگوں کو دوبارہ جوڑا گیا۔
ڈاکٹروں کے مطابق سرجری کے بعد بچے کے ہاتھ میں خون کی روانی بحال ہوگئی، جو آپریشن کی کامیابی کی اہم علامت ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کم عمر بچوں کے کٹے ہوئے اعضا کو دوبارہ جوڑنے کی سرجری انتہائی پیچیدہ اور حساس ہوتی ہے، تاہم بروقت علاج اور ماہر طبی ٹیم کی کوششوں سے یہ آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا۔









