میسی کے متنازع کولکتہ ایونٹ پر 33 ہزار شائقین کو ٹکٹ ریفنڈ دینے کا اعلان

0
25
میسی کے متنازع کولکتہ ایونٹ پر 33 ہزار شائقین کو ٹکٹ ریفنڈ دینے کا اعلان

کولکتہ: ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کے گزشتہ سال کولکتہ میں ہونے والے متنازع ایونٹ کے ٹکٹ خریدنے والے ہزاروں بھارتی شائقین کے لیے رقم واپسی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

بھارتی ریاست مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ تقریباً 33 ہزار افراد کو ان کے خریدے گئے ٹکٹوں کی رقم واپس کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ان کے مطابق ریفنڈ کی رقم ریاست کے کھیلوں کے بجٹ سے ادا کرنے کے لیے اندرونی سطح پر کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

میسی نے گزشتہ برس 13 دسمبر کو کولکتہ کے یووا بھارتی اسٹیڈیم کا دورہ کیا تھا، تاہم ایونٹ کے دوران ناقص انتظامات کے باعث صورتحال خراب ہوگئی اور اسٹیڈیم میں بدنظمی اور ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی۔

شائقین نے اس تقریب کے لیے 4 ہزار اور 6 ہزار بھارتی روپے کے ٹکٹ خریدے تھے۔ میسی کی مختصر موجودگی اور انتظامات سے شدید مایوسی کے بعد متعدد شائقین نے ٹکٹ کی رقم واپس کرنے کا مطالبہ کیا، تاہم انہیں طویل عرصے تک ریفنڈ نہیں مل سکا۔

واقعے کے بعد اس وقت کی ریاستی حکومت، انتظامیہ اور متعلقہ حکام کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ایونٹ کے انتظامات میں سابق وزیر کھیل اروپ بسواس کے کردار پر بھی سوالات اٹھائے گئے تھے، جنہوں نے بعد ازاں وزارت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

اب شائقین کو رقم واپس کرنے کے اعلان کے بعد گزشتہ سال کے اس متنازع ایونٹ کا معاملہ ایک بار پھر خبروں میں آگیا ہے۔

Leave a reply