برآمدات میں اضافے کے ذریعے معاشی ترقی حکومت کی ترجیح ہے: وزیراعظم

0
0
برآمدات میں اضافے کے ذریعے معاشی ترقی حکومت کی ترجیح ہے: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی معاشی پالیسی میں برآمدات کے فروغ اور برآمدات پر مبنی اقتصادی ترقی کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔

وزیراعظم نے یہ بات ممتاز صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں ملکی برآمدات بڑھانے، کاروباری ماحول بہتر بنانے اور معاشی ترقی کے لیے کاروباری برادری کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کاروبار کرنے کے عمل کو آسان بنانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے، جبکہ صنعتی شعبے کے لیے توانائی کی لاگت میں کمی بھی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود مشاورت کے ذریعے بنیادی نوعیت کی اصلاحات آگے بڑھائی گئی ہیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے انفورسمنٹ کے ذریعے ایک سال کے دوران تقریباً 800 ارب روپے کی وصولیاں کی ہیں۔ ان کے مطابق حکومت کی معاشی ٹیم کی کوششوں سے ملکی میکرو اکنامک صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے تاہم واضح کیا کہ معاشی بہتری کے اثرات عام شہری تک پہنچانے کے لیے مائیکرو اکنامک سطح پر مزید اقدامات اور مسلسل محنت کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو برآمدکنندگان کے لیے سپر ٹیکس سے استثنیٰ میں توسیع کی تجویز کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ برآمدات میں اضافے کے ذریعے پائیدار معاشی ترقی کے لیے کاروباری برادری کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

Leave a reply