بلاول بھٹو کی مبینہ منگنی اور شادی کی خبریں بے بنیاد قرار

0
23
بلاول بھٹو کی مبینہ منگنی اور شادی کی خبریں بے بنیاد قرار

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مبینہ منگنی اور رواں سال شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تردید کردی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر حالیہ دنوں میں یہ دعوے سامنے آئے تھے کہ بلاول بھٹو کی منگنی یورپ کے ایک شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والی خاتون سے طے ہوگئی ہے۔ بعض اطلاعات میں یہ بھی کہا گیا کہ صدر آصف علی زرداری اپنے اہل خانہ کے ہمراہ شادی کی تاریخ اور دیگر معاملات طے کرنے کے لیے یورپ گئے ہیں۔

تاہم بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ منگنی یا شادی سے متعلق زیرِ گردش اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی منگنی یا شادی کے حوالے سے پھیلائی جانے والی خبریں غلط اور بے بنیاد ہیں۔

بلاول بھٹو ماضی میں اپنی شادی سے متعلق سوالات کا جواب بھی دے چکے ہیں۔ 2024 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایک صحافی کے سوال پر انہوں نے کہا تھا کہ شادی کا ارادہ ضرور ہے، تاہم اس وقت کوئی حتمی تاریخ طے نہیں ہوئی۔

اسی طرح 2016 میں ایک گفتگو کے دوران بلاول بھٹو نے اپنی مستقبل کی شریکِ حیات کے حوالے سے کہا تھا کہ انہیں پہلے ان کی بہنوں کا اعتماد حاصل کرنا ہوگا۔

پیپلز پارٹی کے مطابق فی الحال بلاول بھٹو کی منگنی یا شادی کے حوالے سے کوئی حتمی پیش رفت نہیں ہوئی۔ پارٹی نے عوام اور میڈیا پر زور دیا ہے کہ غیر مصدقہ سوشل میڈیا اطلاعات کو خبر سمجھ کر آگے نہ بڑھایا جائے۔

Leave a reply