خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 11 دہشت گرد ہلاک

0
9
خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 11 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ذرائع کے مطابق کارروائیاں جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا، بنوں اور بلوچستان کے ضلع خضدار میں کی گئیں۔ بنوں میں آپریشن کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ کارروائی میں دہشت گردوں کا ایک ٹھکانہ بھی تباہ کردیا گیا۔
جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ فورسز نے مشتبہ نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگانے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی کی۔
دوسری جانب خضدار میں سیکیورٹی آپریشن کے دوران چار دہشت گرد مارے گئے۔ ذرائع کے مطابق کارروائی میں کوارڈکاپٹر کے ذریعے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا۔
آپریشنز کے بعد متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے دوران شہریوں کی حفاظت کو ترجیح دی گئی اور مقامی آبادی کو نقصان سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔

Leave a reply