بحیرہ احمر میں سعودی آئل ٹینکر پر حملے کا دعویٰ، بحری کمپنی نے واقعے کی تصدیق کردی

0
12
بحیرہ احمر میں سعودی آئل ٹینکر پر حملے کا دعویٰ، بحری کمپنی نے واقعے کی تصدیق کردی

یمنی مسلح افواج نے بحیرہ احمر میں سعودی عرب سے وابستہ ایک آئل ٹینکر کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ سعودی عرب کی قومی شپنگ کمپنی بحری نے اپنے ایک جہاز پر حملے کی تصدیق کردی ہے۔

یمنی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع کے مطابق سعودی آئل ٹینکر امزن کو بحیرہ احمر کے شمالی حصے میں، بندرگاہ ینبع کے قریب نشانہ بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میزائل حملے کے بعد جہاز کے مرکزی ڈیک پر آگ بھڑک اٹھی۔

ترجمان نے دعویٰ کیا کہ کارروائی کے دوران علاقے میں موجود دیگر بحری جہازوں کو بھی وہاں سے روانہ ہونا پڑا۔ ان کے مطابق یہ حملہ سعودی عرب کے خلاف اعلان کردہ ’’محاصرے کے بدلے محاصرہ‘‘ حکمت عملی کا حصہ ہے۔

یمنی فوج کی جانب سے سعودی سرحدی علاقے الودیعہ اور مأرب کے شمال میں بھی سعودی فورسز کے خلاف میزائل اور ڈرون حملوں کے دعوے کیے گئے ہیں۔ یمنی ترجمان نے ان کارروائیوں میں فوجی گاڑیوں، اسلحے اور دیگر فوجی سازوسامان کو نقصان پہنچانے کا بھی دعویٰ کیا، تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔

دوسری جانب سعودی شپنگ کمپنی بحری نے اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ اس کے جہاز امزن کو بحیرہ احمر میں حملے کا سامنا کرنا پڑا۔ کمپنی کے مطابق جہاز پر موجود تمام عملہ محفوظ ہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

کمپنی نے فوری طور پر حملے کی نوعیت یا جہاز کو پہنچنے والے نقصان کی مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔

یمن میں جاری تنازع کے تناظر میں بحیرہ احمر میں بحری جہازوں کی سکیورٹی ایک اہم علاقائی مسئلہ بنی ہوئی ہے، جبکہ یمنی فورسز کی جانب سے سعودی مفادات سے منسلک بحری و زمینی اہداف کے خلاف کارروائیوں کے دعوے بھی سامنے آتے رہے ہیں۔

Leave a reply