اسلام آباد، راولپنڈی میں قیامت خیز بارش! رین ایمرجنسی نافذ، نالہ لئی خطرناک سطح پر پہنچ گیا

اسلام آباد، راولپنڈی: جڑواں شہروں میں رات گئے ہونے والی شدید بارش کے بعد کئی نشیبی علاقے اور انڈر پاسز زیرِ آب آگئے، جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے پر انتظامیہ نے رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ہائی الرٹ جاری کردیا۔
شدید بارش کے باعث چھٹہ بختاور سمیت مختلف علاقوں میں سڑکوں، گلیوں اور گھروں میں پانی داخل ہوگیا، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد کے سید پور میں سب سے زیادہ 80 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 19 فٹ سے تجاوز کرگئی، جس کے بعد نالے کے اطراف رہنے والی آبادیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادھر دریائے سندھ میں کالا باغ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں پانی کی آمد تقریباً 3 لاکھ 97 ہزار کیوسک تک پہنچ گئی۔ متعلقہ ادارے دریاؤں اور ندی نالوں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، نشیبی علاقوں میں جانے سے احتیاط کرنے اور ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے رابطے میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔








