روس یوکرین جنگ میں اچانک شدت، ڈرون حملوں سے ہلاکتیں

روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں ایک بار پھر شدت پیدا ہوگئی ہے۔ یوکرینی حکام کے مطابق روسی ڈرون حملے میں شہر کریوی ریہ کو نشانہ بنایا گیا، جہاں ایک شاپنگ سینٹر کو نقصان پہنچنے کے نتیجے میں 16 افراد جان سے گئے جبکہ 130 افراد زخمی ہوئے۔
دوسری جانب یوکرین کی جانب سے بھی روسی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ روسی حکام کے مطابق سامارا کے علاقے میں ایک صنعتی تنصیب، آئل ریفائنری اور فوجی فضائی اڈے پر حملے کیے گئے، جن میں 6 روسی شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین کے حملوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے مزید جوابی کارروائیوں کا عندیہ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ روسی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کے بعد یوکرین کو حساس معاشی تنصیبات کے خلاف روسی حملوں کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
پیوٹن نے ایک بار پھر مذاکرات کے لیے روس کی آمادگی کا اظہار کیا، تاہم ان کے مطابق یوکرین کی موجودہ تجاویز پر بات چیت نہیں کی جائے گی۔









