نمرہ خان کی دوسری شادی بھی طلاق پر ختم، شوہر نے علیحدگی کی تصدیق کردی

0
21
نمرہ خان کی دوسری شادی بھی طلاق پر ختم، شوہر نے علیحدگی کی تصدیق کردی

پاکستانی اداکارہ نمرہ خان کی دوسری شادی بھی اختتام پذیر ہوگئی ہے۔ ان کے شوہر زین حامد نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں اداکارہ سے طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے علیحدگی کی وجہ ذاتی اختلافات اور زندگی کے بارے میں مختلف ترجیحات کو قرار دیا ہے۔

نمرہ خان نے رواں سال جون میں برطانیہ میں مقیم پائلٹ زین حامد سے شادی کی تھی۔ شادی کے بعد اداکارہ نے سوشل میڈیا پر اپنی نئی زندگی کی خوشی کا اظہار کیا اور شادی سے متعلق تصاویر بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کیں۔

تاہم کچھ عرصے بعد ان کی ازدواجی زندگی کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔ نمرہ خان کے والد کی بعض سوشل میڈیا پوسٹس کے بعد بھی اس معاملے پر مختلف چہ میگوئیاں سامنے آئیں، تاہم اداکارہ نے اس وقت مداحوں کو یقین دلایا تھا کہ سب کچھ ٹھیک ہے۔

اب زین حامد نے ایک سوشل میڈیا بیان کے ذریعے صورتحال واضح کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے 17 جولائی کو نمرہ خان کو طلاق دی۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ دونوں کے درمیان ذاتی اختلافات اور زندگی کے بارے میں مختلف ترجیحات کے باعث کیا گیا۔

زین حامد نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ان کا مقصد کسی پر الزام عائد کرنا نہیں۔ انہوں نے اپنی ایک سابقہ سوشل میڈیا پوسٹ کی وضاحت بھی کی اور کہا کہ وہ پوسٹ سوشل میڈیا پر ہونے والی بعض پوسٹس اور اسٹیٹس کے ردعمل میں کی گئی تھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ طلاق سے متعلق قانونی کارروائی شروع ہوچکی ہے اور معاملہ اب وکلا دیکھ رہے ہیں۔ زین حامد نے نمرہ خان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں خوش اسلوبی سے الگ ہو رہے ہیں۔

نمرہ خان پاکستانی ٹیلی وژن کی معروف اداکاراؤں میں شامل ہیں۔ وہ ’اے مشتِ خاک‘، ’احرامِ جنون‘، ’اڑان‘، ’مہربانو‘، ’مجھے خدا پر یقین ہے‘، ’چھوٹی سی زندگی‘، ’خوب سیرت‘، ’باغی‘ اور ’امِ عائشہ‘ سمیت متعدد ڈراموں میں اداکاری کرچکی ہیں۔

طلاق کی تصدیق سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے مایوسی کا اظہار کیا جارہا ہے۔ کئی صارفین کو امید تھی کہ شادی سے متعلق گردش کرنے والی خبریں درست ثابت نہیں ہوں گی، جبکہ بعض صارفین نے زین حامد کے بیان پر بھی اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔

Leave a reply