المخا بندرگاہ پر حوثیوں کے میزائل حملے، 7 افراد جاں بحق، بھاری نقصان

0
24
المخا بندرگاہ پر حوثیوں کے میزائل حملے، 7 افراد جاں بحق، بھاری نقصان

یمن کے مغربی ساحل پر واقع المخا بندرگاہ کو حوثیوں کے حالیہ میزائل حملوں کے بعد بند کر دیا گیا ہے، جبکہ بندرگاہ پر تجارتی اور بحری سرگرمیاں عارضی طور پر معطل ہیں۔

رائٹرز کے مطابق بندرگاہ کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ حالیہ حملوں میں 25 سے زائد میزائل داغے گئے، جن کے نتیجے میں 7 افراد جان سے گئے۔ حملوں سے بندرگاہ کے بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا، جس کا تخمینہ تقریباً 16 ملین ڈالر لگایا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق جمعہ کو بندرگاہ پر 6 بیلسٹک میزائل بھی فائر کیے گئے۔ حملوں کے بعد متعدد مقامات پر نقصان دیکھا گیا، جبکہ کچھ چھوٹی کشتیاں بھی جل گئیں۔

بندرگاہ انتظامیہ کے مطابق سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر معمول کی سرگرمیاں روک دی گئی ہیں۔ المخا بندرگاہ یمن کے مغربی ساحل پر تجارتی اور بحری آمدورفت کے حوالے سے اہم مقام رکھتی ہے، اس لیے اس کی بندش سے مقامی اور علاقائی تجارت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

یمن میں جاری کشیدگی کے دوران مختلف علاقوں میں حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث انسانی جانوں کے ضیاع کے ساتھ ساتھ اہم تنصیبات اور تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔

Leave a reply