مکہ معاہدے کی گونج، وزیراعظم کی صدر زرداری کو اہم بریفنگ

0
14
مکہ معاہدے کی گونج، وزیراعظم کی صدر زرداری کو اہم بریفنگ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مکہ مکرمہ میں ہونے والے سہ فریقی دفاعی معاہدے سمیت اہم علاقائی اور داخلی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایوان صدر کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم نے صدر مملکت کو سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے دفاعی تعاون، علاقائی امن اور مسلم ممالک کے درمیان سلامتی کے فروغ کے لیے معاہدے پر مؤثر عملدرآمد کی خواہش کا اظہار کیا۔
صدر مملکت نے سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط تزویراتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کو سراہا۔
ملاقات میں ملکی و غیر ملکی معاملات کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ شرکا نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے عوام کو درپیش معاشی مشکلات کے پیش نظر ضروری اشیا کی مسلسل دستیابی اور مناسب قیمتوں پر فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ علاقائی اور عالمی امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں ملک کے عالمی کردار کو مزید مستحکم کریں گی، جبکہ اس کے مثبت اثرات ملکی معیشت اور عوامی زندگی پر بھی مرتب ہونگے۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، سینیٹر شیری رحمان، وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن رضا نقوی اور اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان بھی شریک تھے۔

Leave a reply