یورپ میں شدید گرمی کی لہر، ہزاروں اموات؛ ماہرین نے مزید درجہ حرارت بڑھنے کا خدشہ ظاہر کر دیا

0
24
یورپ میں شدید گرمی کی لہر، ہزاروں اموات؛ ماہرین نے مزید درجہ حرارت بڑھنے کا خدشہ ظاہر کر دیا

یورپ کے مختلف ممالک میں شدید گرمی کی لہر کے باعث ہزاروں افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ موسمیاتی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے مہینوں میں عالمی درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان موجود ہے۔

دستیاب اطلاعات کے مطابق فرانس میں گرمی سے متعلق واقعات میں سب سے زیادہ، تقریباً 2 ہزار 25 اموات رپورٹ ہوئیں۔ بیلجیئم میں ایک ہزار 200 جبکہ نیدرلینڈز میں 480 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ اسپین میں بھی شدید گرمی کے باعث متعدد ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں، تاہم حتمی تعداد ابھی جاری نہیں کی گئی۔

ماہرین کے مطابق حالیہ ہیٹ ویو نے یورپ کے کئی علاقوں میں معمولاتِ زندگی کو متاثر کیا، جبکہ کئی مقامات پر درجہ حرارت نے گزشتہ کئی دہائیوں کے ریکارڈ توڑ دیے۔ شدید گرمی سے بزرگ افراد، بچے اور پہلے سے مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔

اقوام متحدہ کی موسمیاتی ایجنسی نے بھی خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران ایل نینو کا نظام دوبارہ فعال ہو سکتا ہے، جس کے باعث دنیا بھر میں اوسط درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی حدت میں اضافے کا موجودہ رجحان برقرار رہا تو مستقبل میں شدید گرمی کی لہریں زیادہ بار اور زیادہ شدت کے ساتھ آ سکتی ہیں، جس کے اثرات انسانی صحت، زراعت، آبی وسائل اور عالمی معیشت پر مرتب ہو سکتے ہیں۔

Leave a reply