
بھارت کی ہریانوی فلم اور میوزک انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر دیویانکا سیروہی 30 سال کی عمر میں اچانک انتقال کر گئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی تھی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹرز ان کی جان نہ بچا سکے اور انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔
ان کے اچانک انتقال کی خبر نے مداحوں اور شوبز انڈسٹری کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔
دیویانکا سیروہی 19 نومبر 1996 کو اتر پردیش کے ضلع بلندشہر میں پیدا ہوئیں، بعد ازاں وہ غازی آباد منتقل ہو گئیں۔ انہوں نے ہریانوی میوزک ویڈیوز میں اپنی اداکاری کے ذریعے شہرت حاصل کی اور سوشل میڈیا پر بھی خاصی مقبول تھیں، جہاں ان کے فالوورز کی تعداد 13 لاکھ سے زائد تھی۔
اپنے کیریئر کے دوران وہ 50 سے زیادہ ہریانوی گانوں میں نظر آئیں، جبکہ گلوکار معصوم شرما کے ساتھ ان کی جوڑی کو بھی شائقین نے خوب سراہا۔
تاحال ان کی موت کی حتمی وجہ سامنے نہیں آ سکی، البتہ ابتدائی اطلاعات میں دل کا دورہ پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ان کے انتقال پر مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے افسوس اور تعزیت کا اظہار جاری ہے۔









