ہائی جیکنگ کی دھمکی آمیز پیغامات، امریکی پرواز واپس لاس ویگاس پہنچ گئی

لاس ویگاس: امریکا میں طیارہ ہائی جیک کرنے سے متعلق مبینہ پیغامات سامنے آنے پر یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز کو حفاظتی اقدامات کے تحت واپس لاس ویگاس اتار لیا گیا۔ واقعے کے بعد ایک 25 سالہ مسافر کو گرفتار کرلیا گیا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز نمبر 1681 ہفتے کے روز لاس ویگاس سے نیو جرسی کے شہر نیوارک کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ طیارے میں 150 مسافر اور عملے کے 6 ارکان موجود تھے۔
پرواز کے دوران ایک فضائی میزبان نے مسافر کے موبائل فون پر ایسے پیغامات دیکھے جن میں طیارے کو ہائی جیک کرنے کا ذکر تھا۔ اس اطلاع پر پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو آگاہ کیا اور سیکیورٹی خدشات کے باعث طیارے کو واپس لاس ویگاس لے جانے کا فیصلہ کیا۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کیمطابق طیارہ ہفتے کی رات تقریباً 11 بجکر 5 منٹ پر بحفاظت ایئرپورٹ پہنچ گیا۔ بعد ازاں مسافروں اور طیارےکی جانچ کی گئی۔
پولیس نے واقعے کے سلسلے میں 25 سالہ ڈینٹے ملن کو دہشت گردی سے متعلق دھمکیاں دینے یا غلط معلومات فراہم کرنے کے شبہے میں گرفتار کیا۔ واقعے سے متاثرہ مسافروں کیلیے متبادل پروازکا انتظام کیا گیا، جواتوار کی صبح روانہ ہوئی۔









