
سرد موسم میں لوگ دیر تک گرم پانی سے نہانا پسند کرتے ہیں، لیکن اس عادت سے جلد کی قدرتی نمی اور حفاظتی تہہ متاثر ہوسکتی ہے۔ اس کے نتیجے میں جلد کھردری، بے رونق اور حساس ہوجاتی ہے۔
جلد کی بیرونی سطح پر موجود قدرتی چکنائی نمی برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ زیادہ گرم پانی اس چکنائی کو کم کرسکتا ہے، جس سے جلد میں کھنچاؤ، سرخی اور خارش پیداہونے لگتی ہے۔ ایگزیما یا حساس جلد کے مسائل سےدوچار افرادمیں یہ علامات مزید بڑھ بھی سکتی ہیں۔
جلد کی حفاظت کے لیے ماہرین نیم گرم پانی استعمال کرنے اور نہانے کا دورانیہ 5 سے 10 منٹ تک محدود رکھنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ نہانے کے بعد جلد کو نرمی سے خشک کرکے موئسچرائزر لگانا بھی مفید ہے۔
اس کے علاوہ جلد کو تولیے سے زور سے رگڑنے اور ایسی مصنوعات استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے جو خشکی یا جلن میں اضافہ کریں۔
سردیوں میں گرم پانی سے نہانے کی سہولت ضرور حاصل کریں، تاہم پانی کا درجہ حرارت معتدل رکھیں۔ اگر جلد کی خشکی، خارش یا سرخی مسلسل برقرار رہے تو ماہرِ جلد سے مشورہ کریں۔









