
ویب ڈیسک: گوگل نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ایک تجرباتی ٹول متعارف کرایا ہے، جس کی مدد سے صارفین کوڈنگ کی باقاعدہ مہارت کے بغیر اپنے گیم آئیڈیاز کو قابلِ کھیل گیمز میں تبدیل کر سکیں گے۔
اس نئے ٹول کو Playground کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے صارف اپنے ذہن میں موجود گیم کا تصور، مطلوبہ آرٹ اسٹائل اور گیم میں شامل کیے جانے والے عناصر کے بارے میں ہدایات فراہم کرے گا، جس کے بعد اے آئی ان معلومات کی بنیاد پر گیم تیار کرنے کی کوشش کرے گی۔
گوگل کے مطابق صارفین گیم بننے کے بعد اسے اپنی ضرورت کے مطابق مزید تبدیل بھی کر سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے ٹول میں مختلف تجاویز اور رہنمائی فراہم کرنے کا نظام بھی شامل کیا گیا ہے۔
صارفین اپنی تخلیق کردہ گیم کو خود کھیلنے کے علاوہ دوستوں کے ساتھ شیئر کر سکیں گے اور اسے Playground کی گیلری میں بھی شائع کیا جا سکے گا۔ اسی طرح وہ دوسرے صارفین کی تیار کردہ گیمز بھی کھیل سکیں گے۔
یہ گیمز براؤزر پر چلنے والی ہوں گی، اس لیے انہیں فون، لیپ ٹاپ یا دیگر موزوں ڈیوائسز پر کھیلا جا سکے گا۔
Playground کو صارف کے Play Games اکاؤنٹ سے منسلک کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے، جس کے ذریعے صارف اپنی پسندیدہ گیمز کو لائیک کرنے اور دیگر تخلیق کاروں کو فالو کرنے سمیت ان کی نئی گیمز تک رسائی حاصل کر سکے گا۔
فی الحال گوگل نے اس تجرباتی اے آئی ٹول کو امریکا میں 18 سال یا اس سے زائد عمر کے صارفین کے لیے ویب پر دستیاب کیا ہے۔ آنے والے عرصے میں اس کی دستیابی اور خصوصیات میں مزید توسیع متوقع ہے۔









