
گوگل نے ٹرانسلیٹ کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک نیا مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی فیچر پیش کیا ہے جس کا مقصد صارفین کو مختلف زبانیں بولنے اور سیکھنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
نئے فیچر کے تحت صارفین اب ایپ کے اندر ہی تلفظ (pronunciation) کی مشق کر سکیں گے۔ یہ ٹول بولی جانے والی زبان کا تجزیہ کرتا ہے اور فوری طور پر بتاتا ہے کہ الفاظ کا تلفظ کتنا درست ہے، ساتھ ہی غلطیوں کی نشاندہی بھی کرتا ہے تاکہ صارف اپنی بول چال بہتر بنا سکے۔
گوگل کے مطابق یہ فیچر ابتدائی طور پر اینڈرائیڈ صارفین کے لیے دستیاب ہوگا اور فی الحال امریکہ اور بھارت میں اسے آزمایا جا رہا ہے۔ اس میں انگریزی، ہسپانوی اور ہندی زبانوں کی سپورٹ شامل کی گئی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ نیا ٹول “Ask” اور “Understand” جیسے فیچرز پر کام کرتا ہے، جو صارف کو سیاق و سباق کے ساتھ سیکھنے اور متبادل انداز سمجھنے میں مدد دیتے ہیں۔
گوگل ٹرانسلیٹ اس وقت تقریباً 250 زبانوں کو سپورٹ کرتا ہے اور دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد افراد اسے استعمال کرتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق گزشتہ دو دہائیوں میں سب سے زیادہ ترجمہ ہونے والا جملہ “Thank you” رہا، جبکہ “How are you” دوسرے اور “I love you” تیسرے نمبر پر رہا۔









