کے الیکٹرک کے خلاف سندھ اسمبلی میں شدید غصہ، سی ای او کی عدم شرکت پر سخت کارروائی کا مطالبہ

0
0
کے الیکٹرک کے خلاف سندھ اسمبلی میں شدید غصہ، سی ای او کی عدم شرکت پر سخت کارروائی کا مطالبہ

کراچی: شہر میں جاری غیر علانیہ لوڈشیڈنگ اور بجلی کی صورتحال پر سندھ اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں کے الیکٹرک کی انتظامیہ کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی عدم شرکت پر کمیٹی ارکان نے شدید اعتراض کیا۔ کمپنی کی جانب سے سی ای او کی نمائندگی کے لیے دو افسران اجلاس میں پہنچے، تاہم ارکان کے مطابق انہیں فیصلہ سازی کا اختیار حاصل نہیں تھا۔
کمیٹی ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ اختیار نہ رکھنے والے نمائندوں کی موجودگی میں اہم سوالات کے جوابات حاصل نہیں کیے جا سکے، جس کے باعث اجلاس کا تقریباً تین گھنٹے کا وقت ضائع ہوا۔ بعد ازاں دونوں افسران کو اجلاس سے باہر جانے کی ہدایت کردی گئی۔
ارکان نے کے الیکٹرک کے سی ای او کی عدم حاضری پر قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی تجویز بھی دی۔
اجلاس میں کراچی میں طویل دورانیے کی غیر علانیہ لوڈشیڈنگ اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی ارکان کا کہنا تھا کہ بجلی کی فراہمی کے معاملے پر کے الیکٹرک انتظامیہ کو قانون سازوں کے سامنے جواب دینا ہوگا۔
سندھ اسمبلی کی خصوصی کمیٹی نے اعلان کیا کہ کے الیکٹرک کے طرزِ عمل کے خلاف آئندہ اجلاس کمپنی کے مرکزی دفتر کے باہر منعقد کیا جائے گا۔
کمیٹی نے واضح کیا کہ کراچی میں بجلی کے بحران اور غیر علانیہ لوڈشیڈنگ سے متعلق کے الیکٹرک انتظامیہ سے تفصیلی جواب طلب کیا جائے گا۔

Leave a reply