آئی پی ایل 2026: 15 سالہ ویبھو سوریاونشی کی شاندار کارکردگی، سیزن میں کروڑوں روپے کما لیے

0
8
آئی پی ایل 2026: 15 سالہ ویبھو سوریاونشی کی شاندار کارکردگی، سیزن میں کروڑوں روپے کما لیے

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 میں راجستھان رائلز کے نوجوان بلے باز ویبھو سوریاونشی نے اپنی غیرمعمولی کارکردگی سے کرکٹ شائقین کو متاثر کر دیا۔ اگرچہ ان کی ٹیم ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکی، تاہم سوریاونشی نے انفرادی سطح پر کئی نمایاں اعزازات اپنے نام کیے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 15 سالہ بلے باز نے پورے سیزن میں مجموعی طور پر 776 رنز اسکور کیے، جس کے باعث وہ ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بنے اور اورنج کیپ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

ویبھو سوریاونشی کو راجستھان رائلز نے گزشتہ نیلامی میں 1.10 کروڑ بھارتی روپے میں اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا تھا، جبکہ رواں سیزن میں بھی ان کا معاہدہ اسی مالیت پر برقرار رہا۔

نوجوان کرکٹر کو شاندار کارکردگی کے اعتراف میں متعدد انعامات سے نوازا گیا۔ انہیں سیزن کا موسٹ ویلیو ایبل پلیئر قرار دیا گیا جس کے ساتھ 15 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔ اورنج کیپ جیتنے پر 10 لاکھ روپے ملے، جبکہ سپر اسٹرائیکر آف دی سیزن کا اعزاز بھی ان کے نام رہا، جس کے ساتھ 10 لاکھ روپے اور ایک گاڑی بطور انعام دی گئی۔

سوریاونشی نے سیزن میں 72 چھکے لگا کر سپر سکسز آف دی سیزن کا اعزاز بھی حاصل کیا، جس پر انہیں مزید 10 لاکھ روپے دیے گئے۔ اس کے علاوہ انہیں ایمرجنگ پلیئر آف دی سیزن قرار دے کر 10 لاکھ روپے کی اضافی انعامی رقم بھی دی گئی۔

مالی فوائد صرف انعامات تک محدود نہیں رہے۔ آئی پی ایل کے ہر میچ کے لیے انہیں 7.5 لاکھ روپے میچ فیس بھی موصول ہوئی۔ 16 میچز کھیلنے کے باعث صرف میچ فیس کی مد میں ان کی آمدن تقریباً 1.20 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ مختلف میچوں میں بہترین کارکردگی پر ملنے والے خصوصی ایوارڈز، جیسے الیکٹرک اسٹرائیکر آف دی میچ اور موسٹ سکسز آف دی میچ، نے بھی ان کی کمائی میں اضافہ کیا۔

مجموعی طور پر اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ آئی پی ایل 2026 کے دوران ویبھو سوریاونشی کی مجموعی آمدن 2.50 کروڑ بھارتی روپے سے تجاوز کر گئی، جو ان کے لیے ایک یادگار اور کامیاب سیزن ثابت ہوا۔

Leave a reply