
کویت نے پاکستان کے ساتھ دفاعی شعبے میں تعاون کے معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی، جس کا سرکاری حکم نامہ کویتی گزٹ میں شائع کر دیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ منظوری حکم نامہ نمبر 73 آف 2026 کے تحت جاری کی گئی ہے۔ معاہدہ 11 جون 2023 کو کویت میں طے پایا تھا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور مختلف عسکری شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
معاہدے کے تحت فوجی تربیت، تعلیم، لاجسٹک تعاون، مسلح افواج کے اہلکاروں کے تبادلے، تکنیکی ماہرین کے اشتراک، سائنسی و تکنیکی تعاون اور ملٹری انٹیلیجنس سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا فریم ورک قائم کیا جائے گا۔
دستاویز کے مطابق معاہدے پر عمل درآمد کے لیے دونوں ممالک سالانہ منصوبے اور ایگزیکٹو پروٹوکول مرتب کریں گے، جبکہ مختلف سطحوں پر سرکاری وفود کے تبادلوں کے ذریعے بھی دفاعی تعاون کو وسعت دی جائے گی۔
معاہدے کی نگرانی اور رابطہ کاری کے لیے مشترکہ فوجی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس کے ارکان دونوں ممالک کے وزرائے دفاع نامزد کریں گے۔ کمیٹی سال میں کم از کم ایک اجلاس منعقد کرے گی۔
معاہدے میں خفیہ معلومات کے تحفظ سے متعلق خصوصی دفعات بھی شامل ہیں، جن کے تحت ایک دوسرے سے حاصل کی گئی درجہ بند معلومات یا دستاویزات متعلقہ فریق کی تحریری اجازت کے بغیر کسی تیسرے فریق کے ساتھ شیئر نہیں کی جا سکیں گی۔ یہ رازداری کی ذمہ داری معاہدے کے اختتام کے بعد بھی برقرار رہے گی۔
مالی انتظامات کے مطابق سرکاری دوروں کے دوران وفود کے اندرونِ ملک سفری اخراجات، رہائش اور ہنگامی طبی سہولیات میزبان ملک فراہم کرے گا۔
معاہدے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اس کی دفعات کسی بھی فریق کی دیگر بین الاقوامی ذمہ داریوں کو متاثر نہیں کریں گی، جبکہ معاہدے کی تشریح یا نفاذ سے متعلق کسی بھی اختلاف کو باہمی مشاورت کے ذریعے حل کیا جائے گا اور معاملہ کسی تیسرے فریق یا بین الاقوامی عدالت میں نہیں لے جایا جائے گا۔









