
راولپنڈی: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مظفرآباد، میرپور اور راولپنڈی کی خواتین نے اپنے فیصلے سے واضح کر دیا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کامیاب ہوگی۔
راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت عوام کی امنگوں کی ترجمان ہے اور آزاد کشمیر کے عوام نواز شریف، مریم نواز اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوامی خدمت کے لیے نیک نیتی اور عملی اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک ہزار سے زائد “کلینک آن ویلز” عوام کو طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں، جبکہ پنجاب حکومت نے گزشتہ دو برس کے دوران دو لاکھ گھروں کی فراہمی کا ہدف حاصل کیا ہے۔
انہوں نے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ پنجاب حکومت کے منصوبوں پر اعتراض کرتے ہیں تو انہیں بھی اپنے صوبوں میں عوامی فلاح کے اسی نوعیت کے منصوبے پیش کرنے چاہییں۔ ان کا کہنا تھا کہ “ستھرا پنجاب” منصوبہ عوامی خدمت کی ایک مثال ہے۔
سینئر وزیر نے مزید کہا کہ مریم نواز نے آزاد کشمیر کے لیے “صاف ستھرا آزاد کشمیر” منصوبے کا اعلان بھی کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہو چکی ہے اور اس میں خواتین کے ووٹ نے اہم کردار ادا کیا۔
اپنے خطاب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر امن کے فروغ میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ووٹ کی حفاظت کریں اور جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لیں۔









