منیاپولس میں اسلام مخالف ریلی کی کوشش ناکام، شدید ہنگامہ آرائی

0
18
منیاپولس میں اسلام مخالف ریلی کی کوشش ناکام، شدید ہنگامہ آرائی

امریکی ریاست مینیسوٹا کے شہر منیاپولس میں اسلام مخالف ریلی منعقد کرنے کی کوشش کے دوران شدید ہنگامہ آرائی ہوئی، جہاں مخالف مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ واقعے کے بعد ریلی کے منتظم جیک لینگ کو حراست میں لے لیا گیا۔

مقامی رپورٹس کے مطابق لینگ اور ان کے ساتھی دو گاڑیوں کے ذریعے سٹی ہال کے قریب پہنچے اور فٹ پاتھ پر گاڑیاں چلانے کی کوشش کی، جس پر وہاں موجود مخالف مظاہرین نے شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے گاڑیوں پر بوتلیں، پانی کے غبارے اور دیگر اشیا پھینکیں۔

ہنگامے کے دوران اسپائیڈر مین کا لباس پہنے ایک شخص بھی ایک گاڑی کے پچھلے حصے پر چڑھ گیا اور حملہ کرنے کی کوشش کی۔ صورتحال مزید کشیدہ ہونے پر دونوں جانب سے مرچوں کے اسپرے کا استعمال بھی کیا گیا۔

منیاپولس پولیس کے مطابق ہجوم کے درمیان فوری گرفتاری کرنا خطرناک تھا، اس لیے پہلے گاڑیوں کو علاقے سے نکالا گیا۔ بعد ازاں ریاستی پولیس کی مدد سے گاڑیوں کو روک کر متعلقہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

شہر کے میئر جیکب فرے نے کہا کہ عوامی تحفظ کو خطرے میں ڈالنے والے کسی بھی اقدام کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ نفرت اور مبینہ نسل پرستانہ سرگرمیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے اور اجتماعی احتجاج کے ذریعے ایسی سرگرمیوں کا مقابلہ جاری رکھیں گے۔

رپورٹس کے مطابق جیک لینگ کو ہینپین کاؤنٹی جیل منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں فی الحال ضمانت کے بغیر رکھا گیا ہے۔

Leave a reply