کریڈٹ کارڈ کی ایجاد کیسے ہوئی؟ ایک بھولا ہوا بٹوہ اور دلچسپ کہانی

0
0
کریڈٹ کارڈ کی ایجاد کیسے ہوئی؟ ایک بھولا ہوا بٹوہ اور دلچسپ کہانی

لاہور: (ویب ڈیسک) آج کے دور میں کریڈٹ کارڈ خریداری اور ادائیگی کا ایک عام ذریعہ بن چکا ہے، لیکن اس کی مقبولیت کے پیچھے ایک دلچسپ واقعہ بیان کیا جاتا ہے۔

کہا جاتا ہے کہ 1949 میں امریکی کاروباری شخصیت فرینک میک نامارا نیویارک کے ایک ہوٹل میں اپنے مہمانوں کے ساتھ کھانا کھانے گئے۔ کھانے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ وہ اپنا بٹوہ گھر بھول آئے ہیں۔ بل ادا کرنے کے لیے انہیں اپنی اہلیہ کو بلانا پڑا۔ اس واقعے نے انہیں نقد رقم کے بغیر ادائیگی کا متبادل متعارف کرانے کا خیال دیا۔

اس تصور کو عملی شکل دینے کے لیے میک نامارا نے اپنے کاروباری ساتھی رالف سنائیڈر کے ساتھ مل کر 1950 میں ڈائنرز کلب کارڈ متعارف کرایا۔ ابتدا میں یہ کارڈ نیویارک کے 27 ہوٹلوں اور ریستورانوں میں قابل قبول تھا۔ صارفین کو ہر ماہ اپنے اخراجات کی مکمل ادائیگی کرنا ہوتی تھی، اسی لیے اسے روایتی کریڈٹ کارڈ کے بجائے چارج کارڈ کہا جاتا تھا۔

بعد ازاں بینک آف امریکا نے 1958 میں بینک امریکارڈ متعارف کرایا، جس نے جدید کریڈٹ کارڈ نظام کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ یہی نظام آگے چل کر ویزا کے نام سے معروف ہوا۔

یوں ادائیگی کو آسان بنانے کے اس تصور نے دنیا بھر میں مالی لین دین کے طریقوں کو بدلنے میں اہم کردار ادا کیا۔

Leave a reply