
کراچی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو شاہراہ قائدین پر جلسہ کرنے کی اجازت نہ ملنے کے بعد پارٹی نے اپنا اجتماع منسوخ کر دیا۔
ضلع شرقی کی انتظامیہ نے مزار قائد اور شاہراہ قائدین کے اطراف سیاسی اجتماعات، ریلیوں اور جلوسوں پر عائد پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔ انتظامیہ کے مطابق مزار قائد کے تقدس سے متعلق قانون کے تحت مزار کے احاطے اور اس کے اطراف مخصوص سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی نے واضح کیا کہ بغیر اجازت اجتماع منعقد کرنے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب کراچی پولیس نے پی ٹی آئی کی قیادت سے رابطہ کرتے ہوئے شاہراہ قائدین کی جانب جانے والے کارکنوں اور رہنماؤں کے لیے متبادل راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شہر کے مختلف اہم راستوں پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی، جن میں نیو ایم اے جناح روڈ، کوریڈور تھری، ایم اے جناح روڈ کے دونوں اطراف، گرومندر سے نمائش چورنگی اور سیون ڈے اسپتال سے نمائش چورنگی کی جانب جانے والی سڑکیں شامل ہیں۔
ادھر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی بھی کراچی پہنچ گئے، جہاں ان کے ہمراہ پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ موجود تھے۔









